میڈیکل و ڈینٹل پروگراموں میں داخلوں کیلئے پی گیٹ کے نتائج آئندہ ہفتے متوقع
لاہور (خصوصی رپورٹ)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام اتوار کو9 ہزار 8 ڈاکٹروں نیپوسٹ گریجوایٹ انٹری ٹیسٹ 2026 دیا جولاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں بیک وقت ہوا۔ یہ ٹیسٹ ایف سی پی ایس، ایم ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی ایس سمیت لیول تھری پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل و ڈینٹل پروگراموں میں داخلے کیلئے لازمی ہے۔ دو پیپرز پر مشتمل امتحانصبح 10 بجے شروع ہو کر دوپہر ڈھائی بجے اختتام پذیر ہوا۔ ٹیسٹ میں 4 ہزار 579 خواتین اور 4 ہزار 429 مرد ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ لاہور میں سب سے زیادہ 4 ہزار 107 امیدوار شریک ہوئے، ملتان میں 2 ہزار 353، راولپنڈی میں ایک ہزار 516 اور فیصل آباد میں ایک ہزار 32 امیدواروں نے امتحان دیا۔لاہور میں امتحانی مرکز پنجاب یونیورسٹی کے امتحانی ہالز وحدت روڈ جبکہ دیگر 3 شہروں میں متعلقہ میڈیکل یونیورسٹیوں میں امتحانی مراکز بنائے گئے۔ وائس چانسلر میجر یو ایچ ایس پروفیسر سہیل صابر نے جامعہ پنجاب امتحانی مرکز پر انتظامات کا جائزہ لیا۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عباس اور کے ای ایم یوکے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز بھی ہمراہ تھے۔ تمام مراکز پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ پولیس اہلکاروں کے علاوہ نادرا، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، واسا اور محکمہ صحت کے نمائندے بھی موجود تھے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے تھے،۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور ضلعی انتظامیہ نے امتحانی عمل کی نگرانی کی۔ انٹری ٹیسٹ پنجاب میں پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل و ڈینٹل داخلوں کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی ہے۔ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ اسکا انعقاد کروایا جسکے بعد ان پروگراموں میں داخلوں کیلئے پہلے استعمال ہونیوالا جوائنٹ سینٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ (جے کیٹ)ختم کر دیا گیا ہے۔یو ایچ ایس کے مطابق پی گیٹ 2026 کے نتائج آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔