افسران اب اپنی ملازمت سے ریٹائر یا استعفیٰ دیے بغیر حکومت میں عہدے سنبھال سکیں گے
جکارتہ(آئی این پی )انڈونیشیا کی پارلیمنٹ نے ایک متنازع قانون منظور کر لیا ہے، جس کے تحت فوج کو حکومت میں زیادہ وسیع کردار دیا جائے گا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ناقدین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انڈونیشیا میں سابق آمر سوہارتو کے 32سالہ فوجی اقتدار کی واپسی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ سوہارتو 1998میں عوامی احتجاج کے باعث اقتدار سے ہٹائے گئے تھے۔ یہ ترمیمات صدر پرابوو سبیانتو کی حمایت سے کی گئی ہیں جو کہ ایک سابق سپیشل فورسز کمانڈر اور سوہارتو کے داماد ہیں۔ ان تبدیلیوں کے تحت فوجی افسران اب اپنی ملازمت سے ریٹائر یا استعفیٰ دیے بغیر حکومت میں عہدے سنبھال سکیں گے۔ بی بی سی کے مطابق اس نئے قانون کے خلاف سیکڑوں جمہوریت پسند کارکنان پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ ایک سماجی تنظیم کے کارکن ولسن نے کہا جمہوریت کی اصل روح یہی ہے کہ فوج سیاست میں مداخلت نہ کرے، فوج کو صرف بیرکوں اور قومی دفاع کے امور تک محدود رہنا چاہیے۔