لاش بی ایس لنک نہر کے قریب سے ملی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی
قصور،الہ آباد،تلونڈی(خصوصی رپورٹ) چونیاں میںنہر کنارے سے نامعلوم خاتون کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔بی ایس لنک نہر کے قریب کوٹ گاماں کے مقام پر نامعلوم خاتون کی جلی ہوئی لاش برآمد ہونے پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ خاتون کی شناخت نہ ہو سکی، جبکہ واقعے کے محرکات بھی تاحال سامنے نہیں آ سکے۔پولیس ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والی لاش تقریباً 30 سے 35 سالہ خاتون کی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر صبح کے وقت جلایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جبکہ تھانہ سٹی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔خاتون کون تھی، اس کے ساتھ کیا پیش آیا اور وہ کن حالات میں موت کا شکار ہوئی . یہ اہم سوالات تاحال جواب طلب ہیں۔ پولیس کی جانب سے خاتون کی شناخت اور واقعے کے اصل حقائق معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔