تعلیم کیساتھ ٹیکنالوجی کا حصول بھی ناگزیر ، آپ سب مستقبل کے لیڈر ہیں،یوسف رضا گیلانی کا یونی ورسٹی کانووکیشن سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔اسلام آباد میں نجی یونی ورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تعلیم،آگاہی اور شعور کے ساتھ آگے بڑھنے کا راستہ دیتی ہے،تعلیم کے ساتھ ٹیکنالوجی کا حصول بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کو دورحاضر کے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نوجوانوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ طلبہ میں سے ہی مستقبل میں صدر،وزیراعظم ،چیئرمین سینیٹ اور وزرا ہوں گے، آپ سب مستقبل کے لیڈر ہیں، مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، یہ 65 فیصد نوجوان ہی پاکستان کو تبدیل کریں گے۔