وزیراعلیٰ صوبے کے بیٹے بیٹیوں کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھ رہی ہیں
مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر بعض عناصر ان پر ذاتی حملے کر رہے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب کا بیان
لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، قوم کے بچوں کا اصل مستقبل کنٹینرز، لانگ مارچ اور دھرنوں میں نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور عصری ہنر میں پوشیدہ ہے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کے تمام بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کا خیال اپنے بچوں کی طرح کر رہی ہیں، ان فلاحی اور تعلیمی اقدامات کی بدولت نوجوانوں میں مریم نواز کی مقبولیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے، جس سے خوفزدہ ہو کر بعض عناصر ان پر ذاتی حملے کر رہے ہیں، اخلاقیات اور تعلیمات کا درس دینے والے بھی وزیراعلیٰ کی مخالفت میں تعصب کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اس کے برعکس وزیراعلیٰ پنجاب کی شاندار کارکردگی کو عالمی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔خیبر پختونخواہ کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے مؤقف اپنایا کہ اب کے پی میں نام نہاد تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کا دور ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا ہے، خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی کے نفاذ کی اصل ذمہ دار پی ٹی آئی ہے کیوں کہ اس جماعت کی جانب سے قومی مفاد اور صوبے کے امن کو ترجیح دینے کی بجائے دہشت گردوں کی سرپرستی کی گئی۔