گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور چالان کا عمل اب بھی روایتی طریقے کے تحت جاری
لاہور( خصوصی رپورٹ )ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شفافیت لانے اور کرپشن کے امکانات محدود کرنے کے لیے ویکا ایپ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے تحت گاڑیوں کی معلومات تک ڈیجیٹل رسائی اور چالان کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا تھا۔منصوبے کی منظوری جولائی 2025 میں دی گئی، تاہم ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ایپ کو فعال نہیں کیا جا سکا۔ یوں روڈ چیکنگ کے دوران گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور چالان کا عمل اب بھی روایتی طریقہ کار کے تحت جاری ہے۔ویکا ایپ کے ذریعے چالان کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور متعلقہ اہلکاروں کی کارکردگی کی نگرانی کا نظام بھی قائم ہونا تھا، تاکہ ڈبل چالان سمیت ممکنہ بے ضابطگیوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ایپ کی عدم فعالیت کے باعث نہ صرف ڈیجیٹل ریکارڈ اور مانیٹرنگ کا مطلوبہ نظام فعال ہو سکا بلکہ جوابدہی اور شفافیت کے اہداف بھی حاصل نہیں کیے جا سکے۔ایس او پیز کی منظوری کے باوجود عملی پیش رفت نہ ہونا ٹرانسپورٹ اصلاحات پر عملدر آمد کی رفتار پر سوالات اٹھا رہا ہے۔