یو اے ای میں شدید گرمی سے نمٹنے کیلئے 5 سالہ منصوبہ تیار

یو اے ای میں شدید گرمی سے نمٹنے کیلئے 5 سالہ منصوبہ تیار

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے شدید گرمی سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے نئی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے۔

 اس سلسلے میں اماراتی نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی اور پبلک ہیلتھ سینٹر کے درمیان 5 سالہ معاہدہ طے پایا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت گرمی، نمی اور فضائی آلودگی سے متعلق جدید ڈیٹا شیئر کیا جائے گا تاکہ کسی بھی علاقے میں گرمی کی شدت بڑھنے کی صورت میں شہریوں کو فوری ڈیجیٹل اطلاعات فراہم کی جا سکیں۔اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو بروقت آگاہی مل سکے اور شدید موسمی حالات میں ان کی صحت اور زندگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق فوری الرٹس اور آگاہی مہم کلائمٹ چینج کے اثرات کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال اگست میں یو اے ای میں درجہ حرارت 51.8 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ اپریل اور مئی بھی ملک کے تاریخ کے گرم ترین مہینے قرار پائے۔ عوامی صحت کے پیش نظر یو اے ای میں دوپہر 12:30 سے شام 3:30 بجے تک کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد ہے۔