ایمرجنسی کا فیصلہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیاگیا
غیر معمولی حالات میں عوامی تحفظ کیلئے بروقت فیصلے کیے جانے چاہئیں:متن
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور قومی سلامتی کو درپیش سنگین چیلنجز کے پیش نظر وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہیے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات ضروری ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا فیصلہ اعداد و شمار، سکیورٹی اداروں کی رپورٹس اور زمینی حقائق کی بنیاد پر لیا گیا، جبکہ غیر معمولی حالات میں عوام کے تحفظ کے لیے بروقت اور م ئوثر فیصلے کیے جانے چاہئیں۔ دہشت گردی کے خلاف م ئوثر کارروائی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی حکمرانی پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد ہے۔ خیبر پختونخوا میں کیے جانے والے اقدامات دہشت گردی کے خاتمے، ریاستی اداروں کی م ئوثر عمل داری کے قیام اور عوام کو پائیدار امن، تحفظ اور معمول کی زندگی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ایوان نے وفاقی حکومت کے امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری آئینی و قانونی اقدامات کی تائید کرتے ہوئے اس م ئوقف کو سراہا ہے کہ ملکی استحکام کے لیے سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔