کارروائیوں میں ضبط کیا گیا سامان پرانا راوی پل کے قریب سینئر سول جج کی زیر نگرانی تلف کیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)پتنگ بازی کیخلاف جاری کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی ایک لاکھ سے زائد پتنگیں اور ڈور کے ہزاروں پنے و چرخیاں نذرِ آتش کر دی گئیں۔ پرانا راوی پل کے قریب سینئر سول جج کی زیر نگرانی پتنگ بازی کا سامان تلف کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز خالد سعید اور ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو بھی موجود تھے۔تلف کیے گئے سامان میں ایک لاکھ سے زائد پتنگیں، 3 ہزار 930 ڈور کی چرخیاں، 2 ہزار 279 پنہ ڈوریں اور ایک ہزار 737 کیمیکل ڈوریں شامل تھیں۔ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر ضبط کیے گئے پتنگ بازی کے سامان کو قانونی کارروائی کے بعد نذرِ آتش کر دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کاکہناہے کہ پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور غیر قانونی ترسیل میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں جنکا بنیادی مقصد شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔خطرناک ڈورکے استعمال اور پتنگ بازی کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کیلئے مئوثر اقدامات جاری رکھے جائینگے۔