غزہ میں 150 بین الاقوامی فوجیوں کی تعیناتی کے لئے فوجی اڈے کی تعمیر تعطل کا شکار ہے:رپورٹ
لندن(آئی این پی )برطانوی اخبار دی گارڈین نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ قیادت امن بورڈ کے لئے مجوزہ جدید فوجی اڈے کی تعمیر میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ منصوبے کا ٹھیکہ دو ماہ سے زائد عرصہ قبل ایک امریکی کمپنی کو دیا گیا تھا، تاہم تعمیراتی سامان، ٹرکوں اور ٹھیکیداروں کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے باعث کام شروع نہیں ہو سکا۔ دی گارڈین نے جمعرات کو رپورٹ میں کہا کہ اسرائیل تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے ضروری ٹھیکیداروں اور ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر رہا ہے، جس کے باعث منصوبہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔رپورٹ کے مطابق اس فوجی اڈے میں 150 بین الاقوامی فوجیوں کی تعیناتی کی گنجائش ہوگی۔ اسے غزہ میں تعینات کی جانے والی مجوزہ بین الاقوامی استحکامی فورس کے قیام کی جانب پہلا قدم قرار دیا جا رہا ہے