لاہور میں کار پر22ویلرٹرالرچڑھ گیا‘میاں‘بیوی اور بیٹا جاں بحق

گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پرکارٹریفک سگنل پر کھڑی تھی‘کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لئے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد لی گئی
 جاں بحق افراد میں محمد عاصم، ان کی اہلیہ ہما  اور بیٹا طلحہ شامل ہیں‘ تینوں کا تعلق  اچھرہ شاہ جمال سے ہے‘ٹرالر کا ڈرائیور اور عملہ فرار
 لاہور(کرائم رپورٹر)گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار 22 ویلر ٹرالر تلے کچلی گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو اہلکاروں نے طویل آپریشن کے بعد تینوں افراد کی لاشیں تباہ شدہ کار سے نکال لیں۔پولیس کے مطابق حادثہ گڑھی شاہو میں علامہ اقبال روڈ پر پیش آیا جہاں ٹریفک سگنل پر کھڑی کار پر 22 ویلر ٹرالر چڑھ دوڑا۔ ٹرالر کے بھاری وزن کے باعث کار مکمل طور پر پچک گئی اور اس میں سوار افراد پھنس گئے ‘حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور اور دیگر عملہ موقع سے فرار ہوگیا اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کار کو ٹرالر کے نیچے سے نکالنے کے لیے کرین اور دوسرے ٹرالر کی مدد لی گئی۔جبکہ گاڑی میں پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں نے کار کے مختلف حصے کاٹے۔ امدادی کارروائی کے دوران تینوں افراد کی لاشیں نکال کر مردہ خانے منتقل کردی گئیں جاں بحق افراد کی شناخت محمد عاصم، ان کی اہلیہ ہما عاصم اور بیٹے طلحہ عاصم کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ میں شاہ جمال سے بتایا گیا ہے۔