احتجاج :اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے صوبوں سے 23 ہزار پولیس اہلکار طلب

 ایک  ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام  ،انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے  ضروری سامان بھی تیار
اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد میں سیاسی و عوامی سرگرمیوں کے متوقع انعقاد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میں وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر  لئے ۔کابینہ سیکرٹری نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو خط لکھا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوائے جائیں گے، تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ پولیس نفری 20 ستمبر تک اسلام آباد میں تعینات کردی جائے۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے نمٹنے کے لئے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچائے جا چکے ہیں، انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے  ضروری سامان بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔