لاہور میں بسنت کے تہوار کی واپسی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اور اس حوالے سے ایک اہم بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں بڑے پیمانے پر فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں پنجاب کے سینئر حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے، جن میں سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے عہدیدار شامل تھے۔ یہ اجلاس میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر بلایا گیا تھا۔
بسنت سے متعلق اہم فیصلے:
1. بسنت 2025 کی متوقع تاریخ:
بسنت آئندہ سال فروری میں منائی جائے گی۔
2. موٹر سائیکل پر پابندی:
بسنت کے دوران دو روز کے لیے موٹر سائیکل پر پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ پتنگ بازی کے دوران کسی قسم کی قانون شکنی یا حادثات سے بچا جا سکے۔
3. محفوظ ڈور کی تیاری:
پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی ڈور کی جانچ پی سی ایس آئی آر (PCSIR) لیبارٹری سے کروا لی گئی ہے۔وہی ڈور استعمال کی جائے گی جو لیبارٹری ٹیسٹ میں محفوظ قرار پائی ہو۔
4. ڈور اور پتنگ کی ریہرسل:
جون 2024 میں ایک ریہرسل کی جائے گی جس میں ڈور اور پتنگ کی جانچ کی جائے گی تاکہ سسٹم کی تیاری مکمل ہو۔
5. رجسٹریشن سسٹم:
ڈور اور پتنگ فروخت کرنے والے دکانداروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دی جائے گی۔
6. بسنت نائٹ اور بسنت ڈے:
بسنت نائٹ اور دن دونوں منائے جائیں گے، جس سے تہوار کا رنگ دوبالا ہوگا۔
7. پابندیاں:
صرف ڈھائی تاوا گڈے (درمیانے سائز کی پتنگیں) اڑانے کی اجازت ہوگی۔چرخی (بڑی ڈور لپیٹنے والی چیز) پر پابندی عائد ہوگی۔ڈور صرف پنے (چھوٹے گتّے یا رول) میں فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔
بڑی پتنگیں یا بڑے سائز کے گڈے اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
8. سیاحتی حکمت عملی:
بسنت کو عالمی سطح پر پروموٹ کیا جائے گا اور غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ لاہور کی ثقافت کو اجاگر کیا جا سکے۔