حکومت چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہی:قیصر شیخ

 جن اداروں نے سٹاک کی موجودگی کی رپورٹ دی تھی، ان کے خلاف انکوائری ہونی چاہیے
 تحقیقات کی جائیں حقیقت میں اتنا سٹاک موجود تھا یا نہیں اور اگر تھا تو وہ چینی کہاں گئی:وفاقی وزیر
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ  نے اعتراف کیا ہے کہ چینی کی برآمد، درآمد اور بڑھتی ہوئی قیمتوں پر حکومت صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی۔ایک انٹرویو میںوفاقی وزیر   قیصر احمد شیخ نے   کہا کہ جب چینی ایکسپورٹ کرنے کی بات ہوئی تو کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے اور قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھیں گی، کچھ عرصہ تو قیمتیں ٹھیک رہیں لیکن اچانک اضافہ کر دیا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن اداروں نے اسٹاک کی موجودگی کی رپورٹ دی تھی، ان کے خلاف انکوائری ہونی چاہیے کہ حقیقت میں اتنا اسٹاک موجود تھا یا نہیں، اور اگر تھا تو وہ چینی کہاں گئی۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی بھی تحقیقات ضروری ہیں کیونکہ چینی عام آدمی کے استعمال کی بنیادی ضرورت ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم خود محتاط تھے لیکن اس کے باوجود حکومت معاملہ کنٹرول نہ کرسکی۔ میں کابینہ کا حصہ ہوں لیکن ہمیں کہیں نہ کہیں اپنی غلطی تسلیم کرنی ہوگی۔