اوکاڑہ: سموگ پالیسی پر عملدرآمد، 5 گاڑیاں بند، متعدد کو جرمانے

اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر سموگ پالیسی پر عمل درآمد کے سلسلے میں ڈی آر ٹی اے اوکاڑہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ ریاض کی نگرانی میں ٹیموں نے مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران دھواں چھوڑنے والی، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران 5 گاڑیاں بند کر دی گئیں اور متعدد ٹرانسپورٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ غیر معیاری اور فضائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس کروائیں اور ماحولیاتی قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔