کے پی حکومت کا اوور سیز پاکستانیوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ

کے پی حکومت کا اوور سیز پاکستانیوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ

خیبرپختون خوا حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کے لیے صحت کارڈ پر کام شروع کر دیا ہے۔

 محکمہ صحت کے مطابق، حکومت نے اوورسیز ایمپلائمنٹ فاؤنڈیشن سے اوور سیز پاکستانیوں کا ڈیٹا مانگ لیا ہے۔پہلے مرحلے میں، خلیجی ممالک میں مقیم اوور سیز پاکستانی صحت کارڈ سے مستفید ہوں گے۔ اس ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کسی بھی حادثے کی صورت میں متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی جائے گی۔علاج کے اخراجات حکومت ادا کرے گی، اور یہ ادائیگیاں صحت کارڈ میں مخصوص رقم سے کی جائیں گی۔

مشیرِ صحت خیبر پختون خوا، احتشام علی کا کہنا ہے کہ بینکنگ چینلز کے ذریعے پیسے بھجوانے والے اوور سیز پاکستانیوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ بیرونِ ملک علاج کے اخراجات کے بلز حکومت کے پاس جمع کرانے ہوں گے اور صحت کارڈ میں مخصوص رقم کے حساب سے ہی علاج کی ادائیگی کی جائے گی۔خیبرپختون خوا کے مشیرِ صحت نے کہا کہ یہ سہولت فراہم کرنے والا خیبرپختون خوا پہلا صوبہ ہوگا۔