قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا آسٹریلیا کی مشہور ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش لیگ (BBL) میں شامل ہونے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سڈنی سکسرز فرنچائز کی جانب سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے، جس میں بظاہر بابر اعظم کے نام کی کٹ دکھائی گئی ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ سابق کپتان اب سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے۔فرنچائز نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ معاہدے کی مکمل تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ بابر اعظم بی بی ایل کے سیزن 2024-25 میں فرنچائز کے اہم کھلاڑی ہوں گے۔یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم سمیت کئی کھلاڑیوں کو مختلف غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت دی تھی۔ پی سی بی نے بابر اعظم کو 14 دسمبر 2024 سے 28 جنوری 2025 تک بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) جاری کیا۔بابر کے علاوہ، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو بھی بی بی ایل کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ابھی ان کے معاہدوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
پی سی بی کی طرف سے دیگر لیگز کے لیے بھی این او سی جاری کیے گئے، جن میں:
محمد عامر کو ایسیکس کاؤنٹی کے لیے 18 جولائی تک
شان مسعود کو لیسٹر شائر کے لیے یکم ستمبر تک
حسن علی کو واروکشائر کاؤنٹی کے لیے 30 ستمبر تک کا این او سی دیا گیا ہے۔
بابر اعظم کی بی بی ایل میں شمولیت پاکستانی کرکٹرز کی عالمی لیگز میں بڑھتی ہوئی مقبولیت اور پیشہ ورانہ مواقع کی عکاس ہے۔