غزہ/دوحہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے پورے خطے کو غیر مستحکم کرنے کا سبب بنیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایرانی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام ہے، جو نہ صرف ایران بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔حماس نے واضح الفاظ میں کہا کہ:"ایران اس وقت فلسطین کی حمایت اور ہماری مزاحمتی جدوجہد کا ساتھ دینے کی قیمت چکا رہا ہے"۔تنظیم نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقصد خطے میں مزاحمتی قوتوں کو کمزور کرنا اور اسرائیل کی غاصبانہ پالیسیوں کو دوام دینا ہے۔ حماس نے عالمی برادری، بالخصوص مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران پر حملوں کے خلاف فوری، واضح اور اجتماعی مؤقف اختیار کریں۔حماس کا یہ مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد متعدد سویلین و عسکری نقصانات کی تصدیق کی ہے، اور خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔