پتنگ سازوں، فروخت کنندگان اور ایسوسی ایشنز کی درخواستیں منظور ، جانچ کے عمل جاری
رجسٹرڈ کاروبار یکم فروری سے پتنگ و ڈور کی قانونی فروخت کے اہل ہوں گے ، حکام
لاہور (زیڈ این این) بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کی سرگرمیوں کے لیے ای بز ایپ پر مینوفیکچررز، ٹریڈرز، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی جانب سے درخواستوں کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ کے مطابق پتنگ سازوں اور فروخت کنندگان کے لیے ای بز ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ اب تک موصول ہونے والی 530 درخواستوں میں سے 340 منظور ہو چکی ہیں، 161 کی جانچ پڑتال جاری ہے اور 29 فروخت کنندگان کی درخواستیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔مینوفیکچررز کی 328 درخواستوں میں سے 218 منظور ہو گئی ہیں، 90 درخواستوں کی جانچ پڑتال جاری ہے اور ایس او پیز پر پورا نہ اترنے والی 19 درخواستیں رد کر دی گئی ہیں۔ تاجروں کی 124 درخواستوں میں سے 87 منظور اور 7 رد ہوئی ہیں، جبکہ 30 درخواستوں کی انسپکشن جاری ہے۔ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی 11 درخواستوں میں سے 5 منظور ہوئیں، 3 انسپیکشن کے مراحل میں ہیں اور 3 کو رد کر دیا گیا۔رجسٹرڈ کاروبار 30 دسمبر سے قانونی طور پر کام کر سکتے ہیں، جبکہ پتنگ اور ڈور کی فروخت یکم فروری سے اجازت یافتہ ہوگی۔ پتنگ بازی کی سرگرمی صرف مقررہ تاریخوں 6 تا 8 فروری 2026 کے دوران ہوگی۔ مزید یہ کہ تمام مینوفیکچررز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اپنے کاروباری مراکز پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا ہوگا تاکہ قانونی تقاضے پورے ہوں۔