متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں دو ماہ کی مختصر مدت کے لیے توسیع (رول اوور) پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس رقم کو 17 اپریل 2026 تک بڑھانے کی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ یقین دہانی اس وقت سامنے آئی جب نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اماراتی حکام سے رابطہ کیا۔ متحدہ عرب امارات نے یہ مختصر مدتی توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی ہے جبکہ باضابطہ منظوری کسی بھی وقت متوقع ہے۔پاکستان اور International Monetary Fund کے درمیان تیسرے جائزہ مذاکرات کے تناظر میں امارات کے اس اقدام کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب سابقہ ایک ماہ کی توسیع ختم ہونے میں صرف چند دن باقی تھے۔ذرائع کے مطابق اماراتی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد دوبارہ طویل مدتی رول اوور کے لیے رابطہ کرے گا۔
یاد رہے کہ جنوری میں بھی یو اے ای نے رقم کی میعاد ختم ہونے پر ایک ماہ کی توسیع دی تھی جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار اس معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض دہندہ کا اختیار ہوتا ہے، تاہم نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے رول اوور یقینی ہو چکا ہے۔انہوں نے وزیر خزانہ کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا کہ پاکستان کے بیرونی مالیاتی پروفائل میں کوئی خلا نہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات درست سمت میں جا رہے ہیں۔