پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے پوڈ کاسٹ میں شرکت کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
عمران عباس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں واضح کیا کہ وہ بغیر معاوضے کے کسی پوڈ کاسٹ میں شرکت نہیں کریں گے، چاہے پوڈکاسٹر ان کے ذاتی جاننے والے ہی کیوں نہ ہوں۔
اداکار نے لکھا:
"براہِ کرم! مجھ سے یہ توقع نہ رکھیں کہ میں معاوضے کے بغیر پوڈ کاسٹ میں شرکت کروں گا کیونکہ آپ مجھے ذاتی طور پر جانتے ہیں۔"
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے عمران عباس کے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر فنکار کا حق ہے کہ وہ اپنے وقت اور محنت کا معاوضہ طلب کرے۔تاہم، کچھ صارفین نے اس بات پر تنقید کی کہ عمران عباس کو یہ بات انسٹا اسٹوری پر کہنے کے بجائے نجی طور پر پوڈکاسٹرز کو پیغام کے ذریعے بتانی چاہیے تھی۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں کئی فنکار اور مشہور شخصیات مختلف پوڈکاسٹس میں شرکت کر رہے ہیں، اور ان کی شرکت کے مالی پہلو پر بھی بحث جاری ہے۔