شہری کے 23 لاکھ کے ای چالان

 صادق کے نام پر 500 سے زائد وہیکلز رجسٹرڈ ،ایک موٹر سائیکل کو 12 ہزار جرمانہ مجموعی طور پر 2 ہزار 71 چالان 
لاہور (کرائم رپورٹر) قسطوں پر موٹر سائیکلز اور گاڑیاں دینے کا کاروبار شہری کیلئے دردِ سر بن گیا۔ گڑھی شاہو کے رہائشی صادق خان کے نام پر 23 لاکھ 8 ہزار 700 روپے کے چالان جاری ہو گئے۔پولیس کے مطابق قسطوں پر گاڑیاں دینے والے شخص کے نام پر 500 سے زائد وہیکلز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے متعدد کے بھاری چالان سامنے آ رہے ہیں۔ صادق خان اس وقت مشکل میں پھنس گئے جب کیمپس پر چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل کے 12 ہزار روپے جرمانے کا انکشاف ہوا۔ مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ مذکورہ موٹر سائیکل اْن کے نام پر رجسٹرڈ ہے، حالانکہ وہ اسے قسطوں پر دینے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قسطوں پر خریدی جانے والی وہیکل مکمل ادائیگی تک دکاندار یا کمپنی کے نام ہی رہتی ہے، جس کے باعث بھاری چالان اصل صارف کے بجائے قسطوں کا کاروبار کرنے والے کے کھاتے میں پڑ رہے ہیں۔ سیف سٹی کے مطابق 500 موٹر سائیکلز پر مجموعی طور پر 2 ہزار 71 چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد قسطوں کا کاروبار چلانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔