ملزمان پر بدنیتی پر مبنی مہم کے ذریعے افراتفری اور انتشار پھیلانے کاالزام
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم چلانے پر آئی جی پولیس اسلام آباد کی سربراہی میں جے آئی ٹی نے ملزمان صبغت اللہ وِرک، ارشد ، عطاالرحمن، اظہر مشوانی، کومل آفریدی، عروسہ ندیم شاہ اور ایم علی ملک کونوٹس جاری کرتے ہوئے 13دسمبر کو طلب کر لیا۔ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے ذریعے پاکستان میں افراتفری اور انتشار پھیلایا۔جے آئی ٹی ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے پسِ پردہ مقاصد کا تعین کرنے کے لیے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر جرائم کی روک تھام کے لئے پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے مطابق آئی جی پولیس کے ماتحت ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔جے آئی ٹی کے پاس ملزمان کے خلاف ملک میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کے لئے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور مزید مجرموں کی شناخت اور ان کے خلاف قابل اطلاق قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔