بی ایل اے پراقوام متحدہ سے بھی پابندی لگوانا چاہتے ، بھارت کو پاکستان کا پانی دینا پڑیگا
وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے، نیا این ایف سی ایوارڈ جاری کیا جائے
حیدرآباد (خصوصی رپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں عوام کو نشانہ بناتی ہیں، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ نے بھارت کا ساتھ دیا، اقوام متحدہ سے بھی ان دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگوانا چاہتے ہیں۔ بھارت پر سب سے زیادہ ٹیرف لگانے پر ٹرمپ کے شکرگزار ہیں، حکومت یا کسی سیاسی جماعت نے ہم سے 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے رابطہ کیا ہے نہ مشاورت ، ترمیم کی افواہیں چل رہی ہیں اور یہ میڈیا کے دوستوں سے سن رہا ہوں ،حیدرآباد میں خان بہادر حسن علی آفندی پاک کے افتتاح کے بعد انہوں نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دے کر پاکستان کے موٓقف کی تائید کی ہے، جو بڑی کامیابی ہے، مودی سرکار دریائے سندھ کا پانی روکنے کے اعلان سے باز نہیں آرہی، لیکن سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کے حق کا پانی دینا پڑے گا، 9 مئی کو سیاستدان اپنے دائرے میں نہیں رہے، دہشتگردی کی اور دوسروں دائرے میں گھسے، ایک سیاسی جماعت نے اداروں پر حملہ کیا جس کے نقصانات ہم ابھی تک بھگت رہے ہیں۔ فوج کے سربراہ نے ادارے کی پالیسی کے مطابق کہا تھا ہم نیوٹرل ہونگے تو ایک سیاسی جماعت کے بانی نے کہا نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں ،صوبوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے اور نیا این ایف سی ایوارڈفوری جاری کیا جائے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کرنے کی سزا صوبوں کو نہ دی جائے۔