پنجاب کی نئی حد بندی اور نیا صوبہ بنانے کا منصوبہ‘قومی اسمبلی میں بل پیش

مغربی پنجاب کے نام سے  نیا صوبہ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے،فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن شامل کرنے کی تجویز‘سپیکر نے بل  قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا
تحریک انصاف  نے سینیٹ کی نشستیں بڑھانے کا بل اسمبلی میں پیش کردیا‘قومی اسمبلی نے زکوٰۃ وعشر ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی

اسلام آباد(آن لائن‘قومی اسمبلی)پنجاب کی نئی حد بندی اور ایک نیا صوبہ بنانے کا منصوبہ قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔قومی اسمبلی میں آئین کے آرٹیکل 51 اور 59 میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا ہے ۔قومی اسمبلی کی نجی کارروائی کے روز آئینی ترمیم بل 2025 کا بل رکن قومی اسمبلی ریاض حسین فتیانہ نے پیش کیا۔ترمیمی بل میں صوبہ پنجاب کی نئی حدبندی اور نئے صوبے ''مغربی پنجاب'' تجویز کیا گیا ہے۔بل میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کی حد بندی کرکے مغربی پنجاب کا نیا صوبہ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے،  پنجاب کی مجموعی بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے جڑے مسائل کو پورا کرنے میں انتظامی رکاوٹوں کے باعث اب پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی ضرورت ہے،مغربی پنجاب میں فیصل آباد ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بل میں صوبائی و وفاقی نشستوں کی تقسیم میں بھی تبدیلی تجویز کی گئی ہے۔پنجاب کی جنرل نشستیں 114، خواتین نشستیں 24، کل 138 کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے ۔سندھ میں جنرل نشستیں 61، خواتین نشستیں 14، کل 75 کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے ۔خیبرپختونخوا میں جنرل نشستیں 45، خواتین نشستیں 10، کل 55 سیٹس کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے ۔بلوچستان میں جنرل نشستیں 16، خواتین نشستیں 4، کل 20 کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے ۔وفاقی دارالحکومت میں جنرل نشستیں 3، خواتین نشستیں صفر کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے ۔ قومی اسمبلی کی کل نشستیں جنرل 256، خواتین 60، مجموعی طور پر 326 کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔نئے صوبے مغربی پنجاب کے لئے جنرل نشستیں 27 اور خواتین کی 8 نشستیں کرنے کی تجویز کردی گئی۔قومی اسمبلی نے زکوٰۃ وعشر ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔پاکستان میں ڈیجیٹل و بصری میڈیا مواد،ممانت فحاشی و عریانی اور تحفظ اسلامی معاشرہ و اقدار،قومی ثقافت اور عوامی اخلاقیات کے لئیے احکامات وضع کرنے کا بل (ڈیجیٹل میڈیا میں فحاشی و عریانی کے امتناع کا 2025ء)قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔تحریک انصاف نے سینیٹ کی نشستیں بڑھانے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا، بل میں کہا گیا ہے کہ نشستیں 96 سے بڑھا کر 113 کی جائیں۔رپورٹ  کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ کی نشستیں بڑھانے کے لیے آرٹیکل 59 میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔بل میں سینیٹ کی نشستوں کی تعداد 96 سے بڑھا کر 113 کرنے کی تجویز دی گئی ہے، خواتین، ٹیکنو کریٹ اور اقلیتوں کی نشستوں کی تعداد بھی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔بل کے مطابق سینیٹ میں ہر صوبے خواتین، ٹیکنو کریٹس اور اقلیتی نشستوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 5 کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔