گاڑی سے 112 کلو چاند ی بر آمد ہو ئی، تحویل میں لے لیا ، ملزم گرفتار
ڈیرہ غازی خان (خصوصی رپورٹ ) پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان امیر تیمور نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر بارڈر ملٹری پولیس نے کھر چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے تقریباً 112 کلوگرام چاندی برآمد کر لی جس کی مالیت لگ بھگ 10 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے اور اسے اب تک کی بڑی برآمدگی قرار دیا جا رہا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف اہم پیش رفت ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ علاقے میں سمگلنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔ کمانڈنٹ امیر تیمور نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔