لاہور میں والٹن اولڈ ایئرپورٹ ‘ برکی اور جلو کے علاقے میں حساس مقامات کے قریب ڈرونز نے کارروائی کی کوشش کی ‘ پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ڈرونز کو مار گرایا
راولپنڈی میں کرکٹ سٹیڈیم سمیت3 مختلف مقامات پر ڈرون گرے‘ایک شخص جاں بحق‘شیخوپورہ‘گوجرانوالہ‘ظفروال میں بھی ڈرون گرائے گئے‘اٹک میں ایک شخص جاں بحق
کراچی(یواین پی‘آن لائن‘آئی این پی)بھارت کا جنگی جنون تھم نہ سکا، پنجاب اور سندھ میں جمعرات کی صبح جاسوسی کے لیے آنے والے 29 بھارتی ڈرونز مار گرائے جبکہ دھماکے بھی سنے گئے‘ لاہور میں والٹن اولڈ ایئرپورٹ اور برکی کے علاقے میں حساس مقامات کے قریب بھارتی ڈرونز نے کارروائی کی کوشش کی تاہم پاک فضائی کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ڈرونز کو مار گرایا۔ ڈرونز کے فضا میں پرواز کرنے اور تباہ ہونے سے عوام میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا جبکہ مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ جلو پارک جھیل کے قریب پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا جس کے بعد جلو پارک میں داخلہ بند کر دیا گیا۔ پولیس ایلیٹ فورس کی بھاری نفری داخلی راستے پر تعینات ہے۔ ننکانہ اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بھی ڈرونز گرائے گئے۔ شیخوپورہ اور والٹن کے بعض علاقوں میں ڈرونز کھیتوں میں گرے جبکہ متعداد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔راولپنڈی میں مختلف مقامات پر تین ڈرون گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے ،یہ ڈرونز فوڈ اسٹریٹ، ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ اور اسکیم تھری کے قریب گرے جس کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔تفصیل کے مطابق شمس آباد میں تھانہ نیوٹائون کے علاقے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب دکان پر نامعلوم ڈرون گرا، گیٹ نمبر 05 کے قریب توقیر عباس اور حیدر علی ڈرون گرنے سے زخمی ہوگئے۔ڈرون درخت سے ٹکرانے کے بعد ایک دکان کے اندر جا گرا، جس کے بعد آگ لگ گئی‘ولپنڈی کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا شخص جاں بحق ہو گیا۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا نوجوان بے نظیر بھٹو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ظفروال میں دیہاتیوں نے بھارتی ڈرون مار گرایا، ملبہ پولیس کے ذریعے پاک فوج کے حوالے کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ظفروال کے علاقے تاراپور میں دیہاتیوں نے بھارتی ڈرون مار گرا کر بھارت کے عزائم خاک میں ملادیئے۔شیخوپورہ کے نواحی گائوں باہو مان میں پاک فوج نے بھارتی ڈراون مار گرایا ۔کراچی میں ملیر اور گلشن حدید میں بھارتی ڈرونز گر کر تباہ ہوگئے تاہم ڈرون گرنیسے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔۔پولیس کے مطابق اٹک میں جبی کسراں کے کھلے مقام پر پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا، جس کی زد میں آکر ایک شہری شہید ہوگیا۔