پشاور: ضلع مہمند کے علاقے یکہ غنڈ میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار علاقے میں پولیو مہم کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ٹیم کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ شروع کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ڈی پی او مہمند رضا محمد خان کے مطابق پولیس ٹیم پولیو ڈیوٹی پر مامور تھی کہ مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ڈی پی او کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔