یو اے ای سے شکست کے باوجود عمان ورلڈ کپ 2027 کے گلوبل کوالیفائر میں پہنچ گیا

یو اے ای سے شکست کے باوجود عمان ورلڈ کپ 2027 کے گلوبل کوالیفائر میں پہنچ گیا

دبئی: عمان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہاتھوں 42 رنز سے شکست کے باوجود آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2027 کے گلوبل کوالیفائر میں جگہ بنا لی۔

دبئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ لیگ 2 کے آخری میچ میں عمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر عمان اور نمیبیا کے پوائنٹس 33، 33 رہے۔ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر عمان نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔میچ میں یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔ کپتان راہول چوپڑا اور ادیب عثمانی نے 47، 47 رنز کی اننگز کھیلیں، جبکہ باسل حمید نے 43 رنز اسکور کیے۔ عمان کی جانب سے شکیل احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف 28 رنز پر اپنی 3 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

 مجیب علی نے 65 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔عمان کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی اور یوں یو اے ای نے میچ 42 رنز سے جیت لیا۔عمان کے علاوہ امریکا، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز نے بھی گلوبل کوالیفائر میں براہ راست رسائی حاصل کرلی ہے۔دوسری جانب ورلڈ کپ 2027 کے شریک میزبان نمیبیا سمیت کینیڈا، نیپال اور یو اے ای کوالیفائر پلے آف میں حصہ لیں گے۔ پلے آف مرحلے سے چار ٹیمیں گلوبل کوالیفائر کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں ورلڈ کپ کی آخری چار نشستوں کا فیصلہ ہوگا۔