52 کروڑ روپے سے زائد اضافی اخراجات کی نشاندہی ،ٹینڈر کے عمل کی شفاف تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے:، آڈٹ رپورٹ
لاہور(کرائم رپورٹر)لیسکو میں اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، 52 کروڑ روپے سے زائد اضافی اخراجات کی نشاندہی کی گئی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں اے ایم آئی (AMI) سمارٹ میٹرز کی خریداری کے عمل میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ میں میٹرز کی مہنگے داموں خریداری کے باعث کمپنی پر 52 کروڑ 45 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹینڈر کے عمل کی شفاف تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق لیسکو نے ابتدائی طور پر 19 ہزار 700 روپے فی میٹر کی قیمت پر خریداری کے لیے جاری ٹینڈر منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد کامیاب قرار دی گئی کمپنیوں کی جانب سے فی میٹر 44 ہزار 125 روپے اور 43 ہزار 250 روپے کی قیمتیں پیش کی گئیں۔آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2024 میں بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے فی سمارٹ میٹر 19 ہزار 737 روپے کی قیمت حاصل کی گئی تھی، جبکہ بعد ازاں کی گئی خریداری کی قیمت اس کے مقابلے میں 119.13 فیصد زیادہ تھی۔