اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق)کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدھری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے عائد کیے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ان کا بیان میری سیاسی سمجھ سے باہر ہے لیکن اگر یہ مستقبل کے کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے تو سمجھ میں آتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک میرے لیے بہت محترم ہیں، ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے لیکن ان کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ تمام مرکزی اور صوبائی سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔