سری لنکا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے فاسٹ پچیں تیار کرنے کا فیصلہ

پہلا میچ 9نومبر کو راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17نومبر سے لاہور میں شیڈول ہے:پی سی بی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فاسٹ پچز تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ٹرائنگولر ون ڈے سیریز میں فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کا اگلا امتحان اب سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز ہے۔پہلا میچ 9 نومبر کو راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں شیڈول ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تھنک ٹینک نے اب ملک میں جاندار پچز بنانے پر اتفاق کر لیا ہے تاکہ بیرون ملک جد و جہد کا سلسلہ ختم ہو۔کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا سے دونوں ٹیسٹ میچز کیلیے فاسٹ ٹریکس بنانے کی ہدایت جاری کر دی، گرائونڈز مین کوشش کر رہے ہیں کہ ایسی پچز بنائیں جہاں پیسرز کو مدد ملے۔سری لنکا کے خلاف سہ روزہ میچ کے بعد پی سی بی پیٹرنز الیون سے 2 فاسٹ بائولرز قومی اسکواڈ میں شامل ہوں گے جبکہ محمد عباس اور رضا اللہ کی شمولیت یقینی نظر آ رہی ہے۔انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے صائم ایوب، عبد اللہ شفیق، شان مسعود، محمد عمران اور محمد علی باہر ہو چکے ہیں، یوں کئی تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔