امریکہ دشمنی ختم نہیں کرے گا سپریم لیڈر عوام نے جنگ کیخلاف فیصلہ سنا دیا ایرانی سپیکر

کچھ لوگ سمجھتے ہیں  رعایتیں دے   کرامریکہ کی دشمنی ختم کی جا سکتی ہے، وہ غلط فہمی کا شکار ہیں، امریکہ نے دوبارہ جارحیت کی تو  وسیع پیمانے پر جواب دیا جائیگا:مجتبی خامنہ ای
امریکی حکومت بلیک میلرز کے مفادات کی خاطر عوامی خواہشات سے انخراف کرتی ہے تو اسے ہمارے انکار کے بھیانک نتائج بھگتنا ہوں گے:باقر قالیباف  کا بیان
تہران(آئی این پی)ایران کے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کا امریکی مڈٹرم الیکشن کے نتائج پر ردعمل آگیا۔ایک بیان میں مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں امریکہ میں جماعتوں کی تبدیلی سے اس کے رویے میں فرق آئیگا، امریکی نتائج سے واشنگٹن کی ایران دشمن پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا  کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ رعایتیں دے کر امریکہ کی دشمنی ختم کی جا سکتی ہے، ایسے تمام لوگ سنگین غلط فہمی کا شکار ہیں، امریکہ نے دوبارہ جارحیت کی تو جواب کہیں زیادہ وسیع پیمانے پر دیا جائے گا۔مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ خلیج کے واقعات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال نے امریکہ کی ناقابلِ تسخیرہونیکا تصور توڑدیا، وہ حکومتیں بھی بے نقاب ہوگئی جو اپنے عوام کے بجائے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرتی ہیں‘سپیکرایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے امریکی مڈٹرم انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمیر کی آواز ہو یا مہنگائی کا بوجھ، امریکی عوام نے جنگ کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور ہم امریکی عوام کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔باقر قالیباف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر امریکی حکومت عالمی آقاں اور بلیک میل کرنے والوں کے مفادات کی خاطر عوامی خواہشات سے انحراف کرتی ہے تو اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارا انکار ایک بھیانک خواب بن کر سامنے آئے گا۔