تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں،آج ژالہ باری کا بھی امکان،الرٹ جاری
گلگت بلتستان میں پہاڑی تودہ گرنے سے کارسوار میاں بیوی جاں بحق
لاہور،اسلام آباد ،استور (کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آ گئی، بارش کے دوران تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں،آج بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان،دوسری طرف تیز بارش کے دوران گلگت بلتستان کے ضلع استور میں پہاڑی تودہ گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، ٹائون شپ، کچہ جیل روڈ، کوٹ لکھپت ، پیکو روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی اورگرج چمک کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19اور زیادہ سے زیادہ33سینٹی گریڈرہا،آلودگی کی مجموعی شرح 77فیصد رہی۔ اسی طرح مری، گلیات، راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، ساہیوال، جھنگ ، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گجرات، منڈی بہاالدین ، گوجرانوالہ ، نارووال اوردیگر اضلاع میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ڑالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اوربعض مقامات پر ڑالہ باری کی پیشگوئی کی ہے ، تاہم پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نیپیرکو جاری الرٹ میں کہا ہے کہ آئندہ 12سے24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت کے علاقوں میں بارش اور ڑالہ باری کا امکان ہے۔ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئرز اور برف پگھلنے سے گلیشیائی جھیل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ادھر گلگت بلتستان کے ضلع استور کے نواحی گائوں پتی پورہ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی گاڑی پر سوار ہو کر گلگت جا رہے تھے کہ راستے میں مشکین کے مقام پر تیز بارش کے باعث اچانک پہاڑی تودہ گاڑی پر آن گر ا، جس کے نتیجہ میں دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔