دھند سے موٹر وے ایم ون بند

اسلام آباد،لاہور ( خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ لاہورسمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا نیاسسٹم داخل ہو چکا ہے جسکے زیراثر ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے۔لاہور میں گزشتہ شب وقفے وقفے سے بادل برستے رہے۔ حالیہ بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری سے پنجاب ،بلوچستان ، خیبر پختونخوا، کشمیر کے علاقوں میں موسم ایک بار پھر شدید سرد ہو گیا ہے۔ دھند کے باعث موٹر وے ایم ون پشاور سے اسلام آباد ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔مری، گلیات،وادی کاغان ،ناران اور وادی نیلم میں شدید برفباری شروع ہو گئی جس سے بیشتر سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ مری اور گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور امدادی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں۔