مزید ایک گواہ کابیان قلمبند،ملزم عمرحیات کی بیرک تبدیل کی جائے:وکیل کی استدعا
ٹک ٹاکر ندیم نانی والا اور رجب بٹ کے نام سفری پابندی سے نکالنے کی درخواستیں دائر
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس کی سماعت کے دوران مشتبہ لڑکے کو تحویل میں لے لیاگیا۔گزشتہ روز کیس کی سماعت سے قبل ثناء یوسف کیس میں ملزم عمر حیات عرف کاکا کو مبینہ دھمکیاں دینے پر کمرہ عدالت سے مشتبہ لڑکا پولیس نے گرفتار کر لیا، وکیل صفائی نے کہاکہ مجھے اور ملزم کو کہا گیا ہے کہ تمہارے قتل کی سپاری لے لی گئی ہے،اس سے قبل مشتبہ لڑکے نے ملزم عمر حیات عرف کاکا کے بہنوئی کو دھمکی کیلئے پرچی دی،جج محمد افضل مجوکہ نے مشتبہ لڑکے کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا، جج محمد افضل مجوکہ نے کہاکہ پولیس اس معاملے کو قانون کے مطابق دیکھے،مشتبہ لڑکے اسامہ کو حوالہ پولیس کردیا گیا۔ دریں اثنا ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیاگیا،گزشتہ روز سماعت کے دوران ملزم عمر حیات کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ملزم کی بیرک تبدیلی کی استدعا کرتے ہوئے کہاگیا کہ عمر حیات کو جیل میں خطرناک قیدیوں کیساتھ رکھا گیا ہے،جس پر جج محمد افضل مجوکہ نے کہاکہ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو اس حوالے سے ہدایات دیتا ہوں، دوران سماعت کیس کا تمام مال مقدمہ عدالت میں جمع کروا دیا گیا، آئندہ سماعت میں استغاثہ کے بقیہ گواہان کی شہادت قلمبند کی جائے گی،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی۔ دریں اثناٹک ٹاکر ندیم نانی والا اور رجب بٹ کے نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی گئیں۔