تم پاگل اور ناشکرے ہو‘ہرشخص تم سے نفرت کرتا ہے ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم پر برس پڑے

میں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں،  ہر شخص اسرائیل سے نفرت کرتا ہے‘نیتن یاہو کی جانب سے لبنان میں جارحیت جاری رکھنے پر امریکی صدر طیش میں آگئے
بیروت پر حملے نہیں ہونے چاہیں ‘ یہ اقدام کیا تو اسرائیل دنیا میں تنہا ہوجائے گا‘ میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے:اسرائیلی وزیراعظم سے فون پر گفتگو
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان پر جارحیت جاری رکھنے والے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو پاگل شخص قرار دے دیا۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو سے ٹیلے فون پر سخت لہجے میں بات کی اور لبنان میں جارحیت جاری رکھنے پر وہ اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ انتہائی بدزبانی سے پیش آئے۔تلخ لہجہ کا پس منظر بتاتے ہوئے امریکی نیوز ویب سائٹ نے تسلیم کیا کہ وجہ یہ تھی کہ ایران نے لبنان میں اسرائیلی حملے جاری رہنے کی صورت میں امریکا سے بات چیت روکنے کی دھمکی دیدی تھی۔ ویب سائٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو پاگل کے ساتھ ساتھ ناشکرا بھی کہا۔ ساتھ ہی واضح کیا  بیروت پر حملے نہیں ہونے چاہیں اور خبردار کیا کہ اسرائیل نے یہ اقدام کیا تو وہ دنیا میں مزید تنہا ہوجائے گا۔امریکی صدر نے جتایا کہ انہوں نے کرپشن ٹرائل میں نیتن یاہو کو جیل سے باہر رکھنے میں کیسے مدد کی تھی۔ بولے اگر میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے۔ میں تمہاری چمڑی بچا رہا ہوں، ہر شخص اب تم سے نفرت کرتا ہے اور ہر شخص اسرائیل سے نفرت کرتا ہے۔نیوز ویب سائٹ کے مطابق دوران گفتگو صدر ٹرمپ ایک بار شدید طیش میں آکر چلا اٹھے کہ تم کیا احمقانہ کام کررہے ہو، امریکی اہلکار نے نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کے نزدیک نتین یاہو جارحیت کو غیرمعمولی تناسب سے بڑھا رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کو تشویش ہے کہ اسرائیل نے لبنان میں بڑی تعداد میں شہریوں کو قتل کیا ہے اور صرف ایک حزب اللہ کمانڈر کو نشانہ بنانے کی خاطر رہائشی عمارتوں پر عمارتیں تباہ کی جارہی ہیں