احمد پور شرقیہ: غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر سے وین میں آگ، ایک طالبہ زندہ جل گئی، دس جھلس گئیں

احمد پور شرقیہ: غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر سے وین میں آگ، ایک طالبہ زندہ جل گئی، دس جھلس گئیں

احمد پور شرقیہ میں آج صبح ایک دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا، جہاں فرسٹ ایئر کی 19 طالبات کو لے جانے والی ایک وین میں غیر قانونی طور پر نصب ایل پی جی سلنڈر کے پھٹنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔

اس افسوسناک حادثے میں ایک معصوم طالبہ زندہ جل گئی جبکہ دیگر دس طالبات بری طرح جھلس گئیں۔

واقعے کی تفصیل
سانحہ احمد پور شرقیہ کے ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا، جہاں طالبات لیاقت پور سے احمد پور شرقیہ امتحان دینے کے بعد گھروں کو واپس جا رہی تھیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ وین میں نصب ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس لیک ہونے کے سبب لگی۔19 میں سے 8 طالبات خوش قسمتی سے محفوظ رہیں، تاہم باقی بچیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ جھلسنے والی طالبات کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو ورژن vs موٹر وے پولیس
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تصدیق کی کہ آگ کی وجہ وین میں لگائی گئی ممنوعہ ایل پی جی سلنڈر کی گیس لیکیج تھی، جبکہ موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے دعویٰ کیا کہ آگ الیکٹریکل شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔

موٹر وے پولیس کے اس بیان کو متضاد قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ:

اگر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی تھی تو ڈرائیور کیسے فرار ہو گیا؟
بغیر کسی فورنزک تحقیقات کے آگ لگنے کی وجہ کا تعین کیسے ممکن ہوا؟
وین میں موجود گیس سلنڈر کی موجودگی کو نظر انداز کرنا کیا ایک غفلت یا پردہ پوشی ہے؟
ڈرائیور مفرور، پولیس بے بس؟
موٹر وے پولیس کے مطابق وہ ڈرائیور کی تلاش میں ہیں، تاہم شام پانچ بجے تک کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ اس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ یا تو پولیس فوری طور پر نہیں پہنچی، یا پھر ڈرائیور کو فرار کا راستہ دے دیا گیا۔

ماں مریم کی حکومت پر سوالیہ نشان
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں تعلیمی اصلاحات اور طلبہ کی حفاظت کے بلند بانگ دعوے کیے ہوئے ہیں۔ لیکن طالبات سے بھری وین میں غیر قانونی، خطرناک اور ناقص گیس سلنڈر کی موجودگی ان دعوؤں کی نفی کرتی ہے۔

یہ سوال اب شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ:

اسکول وینز میں ایل پی جی سلنڈرز پر پابندی کے باوجود یہ وین سڑک پر کیسے رواں دواں تھی؟
متعلقہ ٹریفک حکام اور موٹر وے پولیس کہاں تھی؟
کیا ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی؟
آیا یہ سب کچھ رشوت خوری اور نظام کی غفلت کا نتیجہ تو نہیں؟
عوامی ردعمل
سوشل میڈیا پر عوام شدید غصے اور غم میں مبتلا ہیں۔ ٹوئٹر، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر #احمد_پور_سانحہ ٹرینڈ کر رہا ہے، جہاں شہریوں نے مریم نواز حکومت سے شفاف تحقیقات، مجرموں کی گرفتاری اور نظام کی اصلاح کا مطالبہ کیا ہے۔