برآمدآت اور صنعتی ترقی کے لئے جامع اصلاحات جاری ہیں: مریم اورنگزیب

ای بزنس نظام کے ذریعے غیر ضروری دستاویزات اور پیچیدہ مراحل کو ختم کیا جا رہا ہے:پریس کانفرنس
لاہور (سپیشل رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر ہارون اختر خان کے ساتھ  مشترکہ پریس کانفرنس میں کاروباری آسانیوں، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا  مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ کاروبار دوست پالیسیوں اور معاشی استحکام کو ترجیح دیتی رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور صنعتوں کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پنجاب میں کاروباری طریقہ کار کو آسان، شفاف اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ ای بزنس نظام کے ذریعے غیر ضروری دستاویزات اور پیچیدہ مراحل کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ کاروباری افراد کو سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور ان کا وقت اور لاگت بچائی جا سکے۔