ایکو فرینڈلی پنجاب ویڑن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ،محکمہ توانائی کی مدد سے50 میگاواٹ کا پلانٹ لگانے پر غور :وزیر بلدیات
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں ایکو فرینڈلی پنجاب ویڑن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔وزیر بلدیات نے کہا ستھرا پنجاب پروگرام کے اگلے مرحلے میں کچرے سے بائیوگیس بنانے کا آغاز کیا جا رہا ہے،لکھو ڈئیر سائٹ کی گیسوں کو مفید کاربن کریڈٹس میں تبدیل کریں گے۔ ہر روز پیدا ہونے والے کچرے کی تخصیص کر کے اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے بتایا صوبائی محکمہ توانائی کی مدد سے50 میگاواٹ کا پلانٹ لگانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کچرے کی ری سائیکلنگ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنایا جائے۔ لاہور میں آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران کچرے سے آمدن پیدا کرنے کے لئے روڈ شو کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔