دنیا کی کوئی ریاست عبادت گاہوں کو بند نہیں کرتی، اسرائیل مسجد اقصیٰ پر قبضے کے ناپاک عزائم رکھتا ہے
مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف بی)مسجد اقصیٰ کے خطیب اور ممتاز دینی رہنما شیخ عکرمہ صبری نے خبردار کیا ہے کہ قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی مسلسل بندش، قبلہ اول کی حرمت پر ایک کھلا حملہ اور انتہائی افسوسناک و عجیب طرز عمل ہے، جس کا مقصد وہاں نیا قابض اسٹیٹس مسلط کرنا ہے۔شیخ عکرمہ صبری نے بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ کو بند رکھنا ہزاروں مسلمانوں کو وہاں نماز ادا کرنے کے حق سے محروم کر دینا ہے، جبکہ دوسری طرف صہیونی آبادکاروں کو وہاں گھسنے اور اس کو پائمال کرنے کی کھلی اجازت دی جا رہی ہے۔ یہ طرز عمل ہر صورت ناقابل قبول اور نہ صرف مذہبی آزادی کی پائمالی ہے بل کہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔شیخ صبری نے کہا کہ دنیا کی کوئی ریاست عبادت گاہوں کو بند نہیں کرتی، یہ صرف قابض اسرائیل ہے جو مسجد اقصیٰ پر قبضے کے ناپاک عزائم رکھتا ہے، مگر یاد رکھا جائے کہ یہ جبری اقدامات مسجد اقصیٰ پر صہیونیوں کا کوئی حق ثابت نہیں کر سکتے۔