کراچی (خصوصی رپورٹ)منشیات فروش انمول عرف پنکی کی مبینہ سہولت کاری کے مقدمے میں پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری ظاہر کردی، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گرفتار ملزموں عاقب اور غلام مصطفی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پولیس نے ملزموں عاقب اور غلام مصطفی کو ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزموں کے خلاف گارڈن اور بوٹ بیسن تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیش جاری ہے۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بوٹ بیسن تھانے میں درج مقدمے میں مطلوب ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی ہے اور اس سلسلے میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ کا جائزہ لینے اور تفتیشی افسر کا مؤقف سننے کے بعد ملزموں عاقب اور غلام مصطفی کو گارڈن اور بوٹ بیسن تھانوں میں درج مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان پیش کیا جائے۔