وسیم عباس کی تدفین ،مقدمہ درج،ملزم توقیر کا چارروزہ ریمانڈ ،پیشی پر وکلا نے مکوں گھونسوں کی بارش کردی
ملتان ،مظفر گڑھ(خصوصی رپورٹ )تھانہ ڈی ایچ اے کے علاقہ نجی کالونی میں گاڑی کی ٹکر سے قتل کردئیے جانے والے 15 سالہ نوجوان وسیم عباس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔نماز جنازہ اسکے آبائی علاقہ مظفرگڑھ میں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ نے شرکت کی اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار رہی۔دوسری جانب پولیس نے افسوسناک معاملے کا مقدمہ قتل کی دفعات تحت درج کرلیا۔ تھانہ ڈی ایچ اے میں مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا جسکے متن کے مطابق مظفر گڑھ کا رہائشی وسیم عباس ملتان میں ایک یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا جو توقیر نامی ٹھیکیدار کے پاس بطور الیکٹریشن کام کرتا تھا وسیم عباس کے چچازاد مختار کے مطابق وسیم عباس کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور باندھ کر رکھا جاتا تھا جس نے بھاگنے کی کوشش کی تو توقیر نے اس پر گاڑی چڑھا دی اور اسے قتل کردیا مقدمے میں توقیر اور اسکے ساتھ گاڑی میں سوار امجد کو نامزد کیا گیا ہے۔ توقیر کو گزشتہ روز افسوسناک واقعے کے وقت ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ امجد تاحال فرار ہے۔سی پی او ملتان اختر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں پولیس کو مدعی بنایا گیا ہے تاکہ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی ملزم توقیر گرفتار ہے جبکہ اسکے ساتھی امجد کی لوکیشن فیصل آباد کی آرہی ہے جسکی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں فیصل آباد موجود ہیں ،جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔دوسری جانب گرفتار ملزم کو عدالت پیش کیا گیا جہاں سے پولیس نے چار روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا جبکہ عدالت پیشی کے دوران افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصہ میں مبتلا وکلا برادری نے توقیر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ۔دوسری جانب ایس پی کینٹ ڈاکٹر خدیجہ عمر نے مظفرگڑھ میں بچے کے لواحقین سے ملاقات کی ،انہوں نے انصاف کی یقین دہانی اور مالی امداد بھی کی۔ایس پی کینٹ نے مظفرگڑھ میں جاں بحق بچے کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئیں اور انصاف کی مکمل یقین دہانی کرائی۔