رکشہ ڈرائیور مزنگ میں خاتون کوکرایہ کے تنازعہ پرباتوں میں الجھاکر بیگ لے اڑا
ملزم عرفان چونگی امرسدھو سے گرفتا ر،مسروقہ سامان متاثرہ خاتون کے حوالے
لاہور (کرائم رپورٹر)مزنگ پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر نوسربازی کے ذریعے خاتون کا قیمتی سامان ہتھیانے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے تمام مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ایس پی سول لائنز منزہ کے مطابق ملزم عرفان لیاقت نے کرایہ کے تنازع پر خاتون کو باتوں میں الجھایا اور اسکی توجہ ہٹتے ہی سامان سے بھرا بیگ لے کر فرار ہو گیا۔ بیگ میں لاکھوں روپے نقدی، پرائز بانڈز، 5500 درہم، 300 امریکی ڈالر، سونے اور چاندی کے قیمتی زیورات موجود تھے۔مزنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو چونگی امرسدھو سے گرفتار کرلیااور تمام مسروقہ سامان برآمد کر کے متاثرہ خاتون کے حوالے کر دیا۔ خاتون نے پولیس کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا جبکہ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔