کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ثقافتی تبادلوں اور مشترکہ فلم سازی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ دونوں اسلامی ممالک کے عوامی اور ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے مقامی ہوٹل میں پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔دونوں ممالک مشترکہ طور پر ایسی فلمیں اور ڈرامے بنانے کے امکانات پر کام کر رہے ہیں، جو دونوں خطوں کی مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافت کی عکاسی کریں۔اس سلسلے میں پاکستان اور ملائیشیا کے فنکاروں، فلم سازوں اور مصنفین کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے کرنے اور اپنے تجربات کا تبادلہ کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے بتایا کہ رواں برس دسمبر سے ملائیشین ایئر لائنز کراچی کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، عوامی روابط اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔