لاہور ہائیکورٹ نے بسنت کے خلاف درخواست مسترد کردی

 نوٹیفکیشن کے بغیر درخواست کیسے قابلِ سماعت ہوسکتی ہے؟جسٹس شہرام سرور چودھری
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے بسنت 2027 کے 10 روزہ انعقاد کے خلاف درخواست غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مسترد کردی، جبکہ درخواست گزار کو متعلقہ نوٹیفکیشن کے ساتھ دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت بھی کردی۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری شاہد اسلام کی درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ان کے پاس ایسا کوئی نوٹیفکیشن موجود ہے جس کے تحت 2027 میں 10 روزہ بسنت منانے کا فیصلہ کیا گیا ہو؟۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دئیے  نوٹیفکیشن کے بغیر درخواست کیسے قابلِ سماعت ہوسکتی ہے؟ محض ویب سائٹ پر موجود دستاویزات کی بنیاد پر کوئی عدالتی حکم جاری نہیں کیا جاسکتا۔عدالت نے مزید ریمارکس دئیے کہ متعلقہ نوٹیفکیشن کے بغیر یہ کیسے قرار دیا جاسکتا ہے کہ بسنت منانا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت سے اس معاملے پر جواب طلب کرنیکیلئے  پہلے متعلقہ نوٹیفکیشن پیش کرنا ضروری ہے۔