متھن چکروردی کا انتخابی مہم کے دوران پرس چوری ہوگیا

متھن چکروردی کا انتخابی مہم کے دوران پرس چوری ہوگیا

ویب ڈیسک:بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور سیاستدان متھن چکروردی کا انتخابی مہم کے دوران پرس (والٹ) چوری ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، متھن چکروردی اس وقت جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کی مہم میں مصروف تھے اور بی جے پی کے امیدوار کے لیے انتخابی جلسے میں شریک تھے جب ان کا پرس چوری ہو گیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متھن چکروردی دھنباد ضلع کی نیرسا اسمبلی کے علاقے میں پہنچے تھے، جہاں بی جے پی نے اپرنا سین گپتا کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ اس موقع پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اسٹیج پر اعلان کیا جا رہا تھا کہ جس نے بھی متھن کا پرس چوری کیا ہے، وہ اسے واپس کر دے۔

ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ اسٹیج پر موجود شخص مائیک کے ذریعے درخواست کر رہا تھا، "آپ سے درخواست ہے کہ جس نے بھی متھن دا کا پرس لیا ہے، اسے واپس کر دیں۔" جب متھن نے بی جے پی کے مقامی لیڈروں کو بتایا کہ ان کا پرس غائب ہو گیا ہے تو اسٹیج سے بار بار اعلان کیے گئے۔ متھن نے جلسہ عام میں اپنے خیالات پیش کرنے کے بعد جلد ہی واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا۔متھن چکروردی کا پرس تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن وہ نہ مل سکا۔ بی جے پی کے مقامی لیڈروں نے اس حرکت کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ کیا ہے، تاہم متھن کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔