حملے والے روزفہد رات ساڑھے نو بجے ائیرپورٹ پہنچ گیا ، ایک ساتھی پیدل ائیرپورٹ میں داخل ہوا
چینی قافلہ نکلتے ہی ایئرپورٹ میں موجود دہشتگرد نے فون پر اطلاع دی، شاہ فہد نے خودکش دھماکا کردیا
کراچی(آئی این پی )جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر حملے میں ملوث دہشتگرد شاہ فہد کراچی میں تین دن تک گھومتا رہا، خودکش دھماکے سے قبل کے مناظر سامنے آگئے۔ سکیورٹی اداروں کو حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہشتگرد نے ساتھی خاتون کے ساتھ 5 بجے حب ٹول پلازہ کراس کیا، 4 اکتوبر کی رات 10 بجکر 33 منٹ پر صدر کے ہوٹل میں کمرہ حاصل کیا۔مبینہ دہشتگرد 5 اکتوبر کو صبح 10 بجکر 57 منٹ پر گاڑی میں ہوٹل سے نکلا، صدر میں سونی سینٹر کراس کیا، خودکش حملہ آور صبح 11 بجکر 2 منٹ پر ایمپریس مارکیٹ سے رینبو سینٹر پہنچا، دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ڈی ایچ اے فیز ون کے سگنل پر پہنچا، اسے کورنگی سے خیابانِ اتحاد پر بھی جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دہشتگرد کو 6 بجکر 29 منٹ پر صدر زینب مارکیٹ پر دیکھا جاسکتا ہے، دہشتگرد شاہ فہد 6 بجکر 31 منٹ پر واپس اپنے ہوٹل پہنچا، دہشتگرد حملے کے روز شاہ فہد کو ہوٹل کائونٹر پر دیکھا جاسکتا ہے۔ ہلاک دہشتگرد دوپہر 12 بجکر 19 منٹ پر ہوٹل سے نکل گیا، دہشتگرد پیراڈائیز ہوٹل ایٹریم اور آواری ٹاور سے شارع فیصل آیا، خود کش حملہ آور اسٹیٹ گیسٹ ہاس باغِ جناح اور دیگر جگہوں کے چکر لگاتا رہا، شام 4 بجکر 20 منٹ پر شارع فیصل فیاض سینٹر کراس کیا۔ دہشتگرد کو بہادرآباد حرمین شریفین ہوٹل کے باہر بھی دیکھا جاسکتا ہے، حملے والے روز دہشت گرد رات ساڑھے نو بجے ائیرپورٹ پہنچ گیا تھا، دہشتگرد شاہ فہد کا ایک ساتھی پیدل ائیرپورٹ میں داخل ہوا، پینٹ شرٹ پہنے ساتھی دہشتگرد کو ایئرپورٹ پر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ چینی قافلہ نکلتے ہی ایئرپورٹ میں موجود دہشتگرد نے فون پر شاہ فہد کو اطلاع دی، قافلہ جیسے ہی ایئرپورٹ سگنل کے قریب پہنچا تو شاہ فہد نے خودکش دھماکا کردیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دھماکا ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے، کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والا خودکش دھماکا 6 اکتوبر کی رات 11 بجے ہوا تھا۔