فیکٹری مالکان، سوسائٹیز،ادارے سینٹری ورکرز کی حفاظت یقینی بنائیں ، وزیر لیبر
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ،وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز ،سیکرٹری لیبر نعیم غوث، ایم ڈی واسا و دیگر متعلقہ افسر موجود تھے۔ محکمہ لیبر اور واسا نے ورکرز کی حفاظت کیلئے باہمی تعاون سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ فیصل ایوب کھوکھر نے کہا وہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے ورکرز کی سیفٹی کے اقدامات خود فیلڈ میں مانیٹر کرینگے۔ فیکٹریوں میں کام کرنے والے سینٹری ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور صفائی کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے بچاو کیلئے مکمل حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ واسا ورکرز کو بھی ہدایت کی گئی کہ گٹروں کی صفائی سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ تمام فیکٹری مالکان، پرائیویٹ سوسائٹیز اور دیگر ادارے سینٹری ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ کنسٹرکشن سے وابستہ ورکرز کی بھی دورانِ کام حفاظت یقینی بنانے کیلئے محکمہ لیبر فی الفور اقدامات کرے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ لیبر اور واسا ملکر ورکرز کیلئے آگاہی تقریب کا انعقاد کرینگے تاکہ انہیں حفاظتی اصولوں سے روشناس کرایا جا سکے۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا محکمہ لیبر کے افسر اور فیلڈ فارمیشنز تمام فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات کی نا صرف نگرانی کریں بلکہ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ کسی فیکٹری میں ورکرز کی حفاظت کے اقدامات نہ ہوں تو سخت کارروائی کی جائے۔