ملک بھر میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھنا شروع ہو گیا ہے، تاہم شہری بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں آٹے کے علاوہ تقریباً تمام اشیاء کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق معیاری چاول 400 سے 620 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ درجہ اول کا گھی اور کوکنگ آئل 590 سے 610 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔ درجہ دوم کا گھی 520 روپے فی کلو اور آئل 540 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔چینی کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 170 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دودھ، دہی اور گوشت بھی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل انتظامیہ کو قیمتوں میں استحکام یقینی بنانا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مناسب ریلیف فراہم ہو سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کی طلب میں اضافہ کی وجہ سے مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے فوری نگرانی اور کنٹرول اقدامات ضروری ہیں۔